(علی اکبر) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان بزنس کے فروغ کیلئے آئیڈیل ملک ہے، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق حکومت بیرون ملک پاکستانیوں اور غیر ملکی بزنس کمیونٹی کو تمام سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔
قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالہیٰ سے غیر ملکی بزنس کمیونٹی کے وفد نے ملاقات کی، چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی پالیسی ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور دوسرے ممالک کی بزنس کمیونٹی کو پاکستان میں بزنس کیلئے مائل کیا جائے اور ان کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں، جن سے ان کا بزنس فروغ پائے۔
گورنر ہاؤس میں پاکستان ساؤتھ افریقہ بزنس کمیونٹی کے وفد کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے خطاب میں چودھری پرویزالہیٰ نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا کے نقشے پر اپنی الگ شناخت بنا رہا ہے، بزنس کے فروغ کیلئے آئیڈیل ملک ہے، 2002ء سے 2008ء تک بطور وزیر اعلیٰ میں نے سندرانڈسٹریل سٹیٹ بنائی جس میں ون ونڈو کے ذریعے تاجر برادری کے تمام مسائل حل کیے جاتے ہیں۔
پاکستان ساؤتھ افریقہ بزنس فورم کے وفد میں سعدی فاروقی، سید ایچ میاں، روفس ردھیب، حسن بھدیلیہ، ابراہیم پٹیل، سلیم شکور، اعجاز محمود خان، راشد اقبال، محمد حنیف، محمد الیاس، چودھری اظہر محمود اور محمد رفیق میمن شامل تھے۔