ویب ڈیسک:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث حکومت نے موٹر سائیکل استعمال کرنے والے شہریوں کو مالی ریلیف دینے کی تجویز پر کام شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وزارتِ پیٹرولیم اور وزارتِ خزانہ نے مجوزہ ریلیف اسکیم کی تیاری شروع کردی ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر 3 ماہ تک ہر موٹر سائیکل سوار کو ماہانہ 2 ہزار روپے فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت مالی امداد فیول ایپ کے ذریعے فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہانہ 2 ہزار روپے کے ریلیف سے تقریباً 5 لیٹر پیٹرول خریدا جاسکے گا۔
دوسری جانب وزارتِ خزانہ نے آئی ایم ایف کی شرائط کے باعث پیٹرولیم لیوی میں کمی اور 430 ارب روپے کے ہنگامی فنڈ سے رقم استعمال کرنے کی تجاویز مسترد کردی ہیں۔