ویب ڈیسک :غزہ اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کا طویل عرصے سے متوقع تبادلہ آج شروع ہونے جا رہا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق رہائی کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے نیٹسارم کاریڈور سے ہو گا۔
اسرائیل کو امید ہے کہ آج صبح تک حماس کے قبضے سے 20 زندہ اسرائیلی قیدی واپس مل جائیں گے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا جائے گا، جو انہیں ابتدائی طبی معائنے کے لیے غزہ میں قائم ایک اسرائیلی فوجی اڈے پر منتقل کرے گا۔
قیدیوں کی محفوظ واپسی کی تصدیق کے بعد فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ اس معاہدے کے تحت اسرائیل تقریباً 2000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا، جن میں سے 250 قیدی عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس 2 سال قبل 48 اسرائیلیوں کو قید کیا تھا جن میں سے 26 دوران حراست ہلاک ہو گئے جبکہ 20 قیدی اب بھی زندہ ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج اسرائیل پہنچیں گے۔ ان کے ہمراہ وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر جنگ پیٹ ہیگسیٹھ اور 20 سے زائد عالمی رہنما بھی جنگ بندی سے متعلق سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
معاہدے کے تحت حماس نے وعدہ کیا ہے کہ وہ زندہ قیدیوں کے ساتھ ساتھ کچھ فوت شدہ قیدیوں کی لاشیں بھی اسرائیل کے حوالے کرے گی۔