(ویب ڈیسک) بھارت کی بڑی سیاسی جماعت سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے چھوٹے بیٹے پرتیک یادو کا آج صبح انتقال ہو گیا ہے۔ ان کی عمر محض 38 سال تھی۔ اطلاعات کے مطابق طبیعت بگڑنے پر انہیں سول اسپتال لے جایا جا رہا تھا لیکن اسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ راستے میں دم توڑ گئے۔ انہیں مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔ پرتیک یادو بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی لیڈر اپرنا یادو کے شوہر تھے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اکھلیش یادو کے چھوٹے بھائی پرتیک کو صبح 5 بج کر 55 منٹ پر اسپتال لایا گیا تھا۔ اسپتال لانے سے قبل ہی ان کی موت ہو چکی تھی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئےلے جایا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی پرتیک یادو کی موت کی اصل وجہ کا پتہ چل سکے گا۔ دراصل ایک ہفتہ قبل بیمار ہونے کی وجہ سے پرتیک یادو کو لکھنؤ کے میدانتا ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ طبیعت ٹھیک ہونے کے بعد انہیں گھر لایا گیا تھا۔اسپتال میں داخلے کے دوران اکھلیش یادو اور ڈمپل یادو انہیں دیکھنے بھی گئے تھے۔ پرتیک اپنی فٹنس کو لے کر کافی سنجیدہ رہتے تھے۔ ان کی موت کیوں اور کیسے ہوئی، فی الحال اس کی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
پرتیک یادو کا تعلق اگرچہ ایک سیاسی خاندان سے تھا، لیکن وہ خود سیاست سے دور تھے۔ وہ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کی دوسری بیوی سادھنا گپتا کے بیٹے تھے۔ ان کی اہلیہ اپرنا یادو بی جے پی کی لیڈر ہیں اور اتر پردیش خواتین کمیشن کی نائب صدر ہیں۔
Stay tuned with 24 News HD Android App