کلیم اختر: صوبائی وزیر لیبر منشاء اللہ بٹ نے لاہور میں ڈائریکٹوریٹ آف سوشل سکیورٹی لاہور سٹی کا دورہ کیا جبکہ کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران صوبائی وزیر نے ڈائریکٹوریٹ میں جاری صنعتی ورکرز کی بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کا جائزہ لیا اور رجسٹرڈ محنت کشوں کو مریم نواز راشن کارڈ کی فراہمی کے طریقہ کار کا بھی معائنہ کیا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ منشاء اللہ بٹ نے موقع پر موجود محنت کشوں سے براہ راست ملاقات بھی کی اور ان سے پروگرام کے بارے میں دریافت کیا۔
ورکرز نے بتایا کہ مریم نواز راشن کارڈ کے ذریعے انہیں ملنے والی سہولت سے وہ مطمئن ہیں جبکہ صوبائی وزیر نے اس موقع پر محنت کشوں کو رمضان پیکیج کے تحت فراہم کی جانے والی مالی سہولت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بینک آف پنجاب کی جانب سے ورکرز کو ادائیگی کے لیے ایک آسان طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت محنت کشوں کو ان کے موبائل فون پر چھ ہندسوں پر مشتمل خفیہ پن کوڈ ارسال کیا گیا ہے تاکہ وہ باآسانی اپنی رقم حاصل کر سکیں۔
دورے کے دوران متعلقہ سوشل سکیورٹی ڈائریکٹرز نے صوبائی وزیر کو نگہبان رمضان پروگرام سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
مزید برآں، اس موقع پر منشاء اللہ بٹ نے ہدایت کی کہ ریکوری کے مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کیے جائیں اور فیلڈ افسران کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے۔
کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل کا کہنا تھا کہ فیلڈ افسران کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ ادارے کے اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں اور محنت کشوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری لائی جا سکے۔