جنید ریاض: میٹرک کے امیدواروں کو رول نمبر سلپ کی بروقت فراہمی کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کر دیا ہے۔
سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق اگر کسی امیدوار کی رول نمبر سلپ ڈاؤن لوڈ نہ ہو رہی ہو تو وہ فوری طور پر تعلیمی بورڈ سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ امیدوار داخلہ فارم کی سلپ کے ہمراہ بورڈ آفس سے فوری رابطہ کر سکتے ہیں تاکہ مسئلہ حل کیا جا سکے۔
بورڈ حکام نے تعلیمی اداروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ اگر کسی طالب علم کی رول نمبر سلپ ڈاؤن لوڈ نہ ہو تو وہ بھی فوری طور پر بورڈ سے رابطہ کریں۔
ذرائع کے مطابق بعض طلبہ کو انٹرنیٹ کی کم رفتار کی وجہ سے رول نمبر سلپ ڈاؤن لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر کا کہنا ہے کہ بورڈ کی جانب سے 100 فیصد رول نمبر سلپس جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات کے آغاز میں ابھی تقریباً دو ہفتے باقی ہیں اور امتحانات 27 مارچ سے شروع ہوں گے۔