ملک اشرف : پنجاب بار کونسل کے جنرل ہاؤس نے انتظامی معاملات میں نظم و ضبط قائم کرنے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام ذیلی کمیٹیاں فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری پنجاب بار کونسل رفاقت سہیل نے باقاعدہ آفس آرڈر جاری کر دیا ہے۔
آفس آرڈر کے مطابق پنجاب بار کونسل کی مختلف کمیٹیوں کی جانب سے تشکیل دی گئی تمام ذیلی کمیٹیاں کالعدم قرار دے دی گئی ہیں، جبکہ ان کے قیام کے لیے جاری کیے گئے تمام نوٹیفکیشنز اور خطوط بھی فوری طور پر واپس لے لیے گئے ہیں۔
پنجاب بار کونسل نے واضح کیا ہے کہ آئندہ مجاز اتھارٹی کی باقاعدہ اور تحریری منظوری کے بغیر کوئی افسر یا ملازم کسی نئی ذیلی کمیٹی کی تشکیل کے لیے نوٹیفکیشن یا مراسلہ جاری نہیں کر سکے گا۔
آفس آرڈر میں خبردار کیا گیا ہے کہ جنرل ہاؤس کی قرارداد اور جاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے افسر یا ملازم کے خلاف قانون کے مطابق فوری اور سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سیکرٹری رفاقت سوہل کی جانب سے جاری کردہ یہ حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل کر دیا گیا ہے اور اس کی نقول تمام متعلقہ افسران، برانچوں اور ملازمین کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ اس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
قانونی حلقوں کے مطابق اس فیصلے سے پنجاب بار کونسل کے انتظامی ڈھانچے میں بہتری آئے گی اور غیر ضروری ذیلی کمیٹیوں کے باعث پیدا ہونے والے انتظامی مسائل اور اضافی اثر و رسوخ میں کمی واقع ہوگی۔