فاران یامین:پی ڈی ایم اے نے 13 سے 16 جون کےدوران الرٹ جاری کر دیا۔
آج سے 16جون کے دوران سنٹرل اور اپر پنجاب میں مٹی کے طوفان کا امکان ظاہر کیاگیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق اپر اور سنٹرل پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، آج سے 16 جون کے دوران اپر ،سنٹرل پنجاب میں ژالہ باری بھی ہوگی۔
دوسری جانب لاہور میں صبح سے ہی آسمان پر بادل موجود ہیں تاہم گرمی کی شدت برقرار ہے۔محکمہ موسمیات نے شہر کا موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا مطلع دن میں زیادہ وقت صاف رہے گا،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 44 فیصد تک ہو سکتا ہے۔
گرمی کی شدید لہر نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا،سورج کی تپش سے شہری نڈھال،گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
شہر میں 8کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ رواں ہفتے شہر میں 30سے40فیصد بارش کا امکان موجود ہے۔
ایک تو شدید گرمی اوپر سےبجلی کی بندش اور پانی کی قلت نے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
محکمہ صحت نے ہیٹ سٹروک سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ماہرین کے مطابق شہری گھروں سے غیر ضروری نہ نکلیں ،سرڈھانپ کر رکھیں،شہری پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں۔