جنید ریاض:پنجاب میں سکولوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے تعلیمی بورڈز کے سپورٹس فنڈ میں اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جبکہ اگلے مالی سال سے سکولوں کو سپورٹس کٹس کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز بھی کیا جائے گا۔
بورڈ حکام کے مطابق آئندہ مالی سال سے سپورٹس فنڈ 10 ملین روپے سے بڑھا کر 15 ملین روپے کر دیا جائے گا تاکہ سکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
اس منصوبے کے تحت لاہور ڈویژن کے ایک ہزار سکولوں کو اگلے سال سپورٹس کٹس فراہم کی جائیں گی، جن میں لاہور بورڈ سے الحاق شدہ 500 بوائز اور 500 گرلز سکول شامل ہوں گے۔
بورڈ حکام نے پنجاب کے تمام 9 تعلیمی بورڈز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے الحاق شدہ سکولوں میں سپورٹس کٹس کی تقسیم کو یقینی بنائیں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
سپورٹس کٹس میں طلبہ کے لیے کرکٹ، فٹبال، ہاکی، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس سمیت دیگر کھیلوں کا سامان فراہم کیا جائے گا۔ بورڈ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد سکولوں میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینا، طلبہ کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔