درِ نایاب: پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کی نو تشکیل شدہ ہارٹی کلچر ایجنسیوں کو اپنے ذرائع سے آمدن (اون سورس ریونیو) میں اضافہ کرنے کی ہدایت کر دی گئی، جبکہ ریونیو اہداف کے حصول کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دیا گیا۔
ڈی جی پی ایچ اے کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مرزا ولید بیگ نے نو تشکیل شدہ ہارٹی کلچر ایجنسیوں کے دورے کیے، جہاں پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹیے انہیں اون سورس ریونیو کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران منیجنگ ڈائریکٹرز نے ریونیو میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا، جبکہ متعلقہ افسران نے شعبہ جاتی کارکردگی، مقررہ اہداف اور ان کے حصول کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر اے ڈی جی مرزا ولید بیگ نے ریونیو اہداف کے حصول کے لیے افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ نئی ہارٹی کلچر ایجنسیاں اپنے اپنے شہروں کی استعداد اور دستیاب وسائل کے مطابق آمدن بڑھانے کے مؤثر منصوبے تیار کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق تمام ایجنسیاں ریونیو میں اضافے کے لیے نئے مواقع تلاش کریں، کمرشل ریونیو کی وصولی کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنائیں، جبکہ مجموعی کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کیا جائے۔