ثمرہ فاطمہ:شہر کا آسمان بادلوں کی لپیٹ میں ہے، جبکہ ہوائیں چلنے سے حبس اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی شہر میں بارش کا امکان موجود ہے۔
موسمیاتی اعداد و شمار کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری اور کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم نسبتاً خوشگوار محسوس کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں آج موسم کی صورتحال مختلف رہنے کا امکان ہے، جہاں وفاقی دارالحکومت سمیت شمالی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ کراچی میں بھی ابر آلود موسم اور ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں صبح کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم دوپہر کے بعد آسمان پر بادل چھائے رہنے کی توقع ہے۔ رات کے وقت شہر کے چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق صبح اسلام آباد کا درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران پارہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں تقریباً 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد سے زائد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی جزوی ابر آلود موسم رہے گا، جبکہ متعدد مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب کراچی میں آج مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے کی توقع ہے اور شہر کے چند علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔ سمندری ہواؤں کی بحالی سے حبس کی شدت میں کچھ کمی آئی ہے۔ صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔