ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مون سون : پنجاب ٹریفک پولیس ہائی الرٹ، خصوصی ہدایات جاری

مون سون : پنجاب ٹریفک پولیس ہائی الرٹ، خصوصی ہدایات جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی:پنجاب میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ٹریفک پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام اضلاع میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے تمام چیف ٹریفک افسران (سی ٹی اوز) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران (ڈی ٹی اوز) کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران ٹریفک انتظامات ہر صورت مکمل اور مؤثر رکھے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں رہے، جبکہ نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور بارش سے متاثرہ مقامات پر تعینات ٹریفک اہلکاروں کو خصوصی طور پر الرٹ رکھا جائے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید کہا کہ ممکنہ فلڈ الرٹس، بند سڑکوں اور متبادل راستوں سے متعلق شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے، جبکہ اہم شاہراہوں سمیت تمام داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی ہر صورت برقرار رکھی جائے۔

محمد وقاص نذیر نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے بارش کے دوران متبادل راستوں کی فوری نشاندہی اور مؤثر تشہیر کی جائے۔ اسی طرح جہاں پانی زیادہ جمع ہونے کا خدشہ ہو وہاں بروقت بیریئرز، وارننگ سائنز اور ٹریفک ڈائیورشن کا انتظام یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مرکزی شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کی صورت میں ٹریفک سٹاف فوری طور پر متعلقہ محکموں کو اطلاع دے، جبکہ دورانِ بارش اپنی حفاظت کو مقدم رکھتے ہوئے شہریوں کی ہر ممکن معاونت بھی یقینی بنائی جائے۔