سٹی 42: یو ای ٹی میں مکینیکل انجینئرنگ کے طلباء نے 100 سی سی کھٹارا بائیک کو الیکٹرک بائیک میں بدل دیا،موٹر سائیکل 3 گھنٹے میں چارج ہوکر 65 کلومیٹر کی رفتار سے90 کلومیٹر تک کا سفر با آسانی طے کرسکتی ہے۔
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلباء نے انوکھا کارنامہ کر دکھایا، کھٹارا 100 سی سی موٹر سائیکل کو الیکٹرک بائیک میں بدل دیا۔ مکینیکل انجینئرنگ کے طلباء نے ڈاکٹر محمد عثمان کی نگرانی میں اپنے فائنل ائیر پروجیکٹ پر کام کرتے ہوئے پرانی موٹر سائیکل کو الیکٹرک موٹر سائیکل میں تبدیل کر دیا۔
موٹر سائیکل میں انجن کی جگہ الیکٹرک موٹر، بیٹری اور کنٹرولر استعمال کیئے گئے ہیں۔موٹر سائیکل تین گھنٹے میں ریچارج ہونے کے بعد 80سے90کلومیٹر سفر طے کر سکے گی جبکہ اس کی انتہائی رفتا 65کلومیٹر فی گھنٹہ ہو گی۔اس موٹر سائیکل میں ریورس موشن کے ساتھ ساتھ رفتار کے تین موڈ ایکون، اربن، اور اسپورٹس بھی موجود ہیں۔اس موقع پر وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر سید منصور سرور، ڈین فیکلٹی آف مکینیکل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر ندیم احمد مفتی، چیئرمین مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمٹ پروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات بھی موجود تھے۔ انہوں نے طلباکی اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس پروجیکٹ کو کمرشلائزکر نے پر تبادلہ خیال کیا۔