ملک اشرف: جسٹس آف پیس کے اندراج مقدمات کے احکامات نظر انداز، لاہور ہائیکورٹ میں ایس ایچ او مانگا منڈی سمیت دیگر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج نہ ہونے کے کیس کی سماعت، عدالتی حکم کے باوجود سی سی پی او غلام محمود ڈوگر پیش نہ ہوئے۔
جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے شہری آصف علی کی درخواست پر سماعت کی۔ ایس پی لیگل شیخ محمد آصف اور ایس ایچ او مانگا یاسر عباس پیش ہوئے۔ ایس ہی لیگل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شہر میں احتجاج اور سڑکوں کی بندش کی باعث سی سی پی او پیش نہیں ہوسکے۔عدالتی حکم پر آج ہی عمل درآمد کردیا جائے گا۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مانگا منڈی کے علاقے میں ملک اینڈ برادر کے نام سے سبزی منڈی میں آڑھتی ہوں۔13جنوری 2021 کو ایس ایچ او مانگا منڈی جاوید اقبال چیمہ نے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ ریڈ کیا۔
ایس ایچ او اور اہلکاروں نے مار پیٹ کی، چار لاکھ روپے سے زائد کی رقم کے علاوہ دیگر چیزیں ساتھ لے گئے ایس ایچ او مانگا منڈی اور دیگر اہلکاروں کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے تھانے درخواست دی۔ درخواست دینے کے باوجود ایس ایچ او اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج نہ کیا گیا۔ ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج نہ ہونے پر جسٹس آف پیس سے رجوع کیا۔
جسٹس آف پیس نے 28 جنوری 2021 کو اندراج مقدمہ کا حکم دیا۔جسٹس آف پیس کے حکم کے باوجود ابھی تک پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا جا رہا ۔درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت جسٹس آف ہیس کے اندراج مقدمہ کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دے۔