سٹی42: پاک افغان بارڈر پر افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور پاکستانی فوج کی جانب سے بھرپور جواب کے بعد سعودی عرب نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ سعودی عرب کو اسلامی جمہوریہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں ہونے والی کشیدگی اور جھڑپوں پر گہری تشویش ہے۔
آج رات پاک افغان بارڈر پر افغانستان کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے سخت جواب دیا اور طالبان متعدد لاشیں اور پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں ممالک تحمل، کشیدگی سے گریز، اور بات چیت اور حکمت کو اپنائیں جو کشیدگی کو کم کرنے اور خطے کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔
سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے جن کا مقصد امن اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے مزید کہا گیا ہےکہ وہ امن و سلامتی کو یقینی بنانے کا خواہش مند ہے جس سے برادر پاکستانی اور افغان عوام کو استحکام اور خوشحالی حاصل ہوگی۔