(جنیدریاض)پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشنز کا کورونا ایس او پیز کے تحت یکم جون سے سکول کھولنے پر غور کیا گیا، مشترکہ اجلاس میں ملک بھر کی ایسوسی ایشنز کا وبا سے پھیلاؤ کے بچاؤ کیلئے حکومتی اقدامات پر بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشنز کےمشترکہ اجلاس میں مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں پرائیویٹ سکولز کے مالکان اور اساتذہ کے لیے وزیر تعلیم کی طرف سے مافیا کے الفاظ استعمال کرنے کی سختی سے مذمت کی گئی۔آل پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ ہمیں جو SOP's جاری کرے گی تمام سکولز SOP's مکمل کرنے کے پابند ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر وفاقی حکومت نے رواں سال کوئی بھی امتحان نہ لینے کا اعلان کیا ہے، لیکن اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز اگلے ہفتے میں مشاورت کے بعد جاری کرے گی، جس سے پنجاب کے 41 لاکھ طلبہ و طالبات براہ راست مستفید ہوں گے۔ نویں جماعت کے 13 لاکھ 78 ہزار طلبا براہ راست دسویں جماعت میں جائیں گے، دسویں جماعت کے 11 لاکھ 80 ہزار طلبا نویں جماعت کی بنیاد پر پاس قرار دئیے جائیں گے۔
لاہور بورڈ کے کل 5 لاکھ 22 ہزار طلبا مستفید ہوں گے، جس میں نویں جماعت کے 2 لاکھ 82 ہزار اور دسویں جماعت کے 2 لاکھ 40 ہزار طلبا شامل ہیں، جبکہ پنجاب بھر میں گیارہویں جماعت کے 7 لاکھ 85 طلبا براہ راست بارہویں جماعت میں پہنچیں گے۔دوسری جانب پنجاب ٹیچرز یونین نے سکولوں کو مزید 15 جولائی تک بند رکھنے اور بورڈ امتحانات منسوخ کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا، ٹیچر رہنماؤں رانا لیاقت علی اور کاشف شہزاد چوہدری کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کرکے بورڈ امتحانات لیے جاسکتے ہیں، امتحانات نہ لینے سے طلبا کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوسکتی ہے۔