" اپوزیشن صرف پوائنٹ سکورنگ میں لگی،کورونا وباءپر ہوش کے ناخن لے"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی اکبر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپشن کے کورونا وائرس پاکستان میں کورونا وباء پر بھی سیاست کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کورونا پر صرف پوائنٹ سکورنگ میں لگی ہوئی ہے۔بلند و بانگ دعوے کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں نے عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔ اپوزیشن جماعتیں خود بھی تنہا ہو چکی ہیں اور عوام کو بھی تنہا چھوڑ چکی ہیں۔یہ وقت سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کا ہے۔عثمان بزدار کا کہناتھا کہ  اپوزیشن جماعتوں کو کورونا وباء پر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست  کے لئے آگے بہت وقت ہے۔ خدارا کورونا جیسے اہم ترین چیلنج پر سیاست سے گریز کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بروقت اور دور اندیش فیصلے کئے ہیں۔
اپنے دور میں ملکی خزانے کو بے دردی سے نقصان پہنچانے والے کس منہ سے عوام کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں نے کورونا کے باوجود قومی اتحاد اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔کرونا وباء کے دوران اپوزیشن کا منفی کردار تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔پاکستانی قوم سیاست کے منفی کرداروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ آزمائش کی گھڑی میں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ  پاکستان میں جہاں لاک ڈاﺅن نرم کیا جا رہا ہے وہیں کورونا وبا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے، ملک میں مزید 1268 نئے کورونا کیسز سامنے آنے کے  بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 31728 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 691 افراد وائرس سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔حکومت پنجاب نے کورونا سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظرلاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

 نوٹی فکیشن کے مطابق ہفتے میں تین دن جمعہ،ہفتہ اور اتوار کو پورے پنجاب میں لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ چار دن پیر،منگل، بدھ اور جمعرات کو لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے گی، نرمی کے چار دنوں میں دکانیں اور عام بازار کھلے ہوں گے تاہم پبلک ٹرانسپورٹ، تعلیمی ادارے، ریسٹورنٹس، ہوٹلز، شادی ہالز، سینما گھر ،سیاحتی مقامات اور پارکس بند رہیں گے۔

M .SAJID .KHAN

Content Writer