ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو دوست کے ساتھ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے کے جشن کے دوران قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی فتح کے بعد ہاردک نے اپنی دوست مہیکا شرما کے ساتھ گراؤنڈ میں جشن منایا، جس دوران انہوں نے بھارتی جھنڈا جسم پر لپیٹا۔
وکیل واجد خان نے اس اقدام کو فحش عمل قرار دیتے ہوئے پونے پولیس میں ہاردک پانڈیا کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دی۔ وکیل کے مطابق پانڈیا نے جھنڈا جسم پر لپیٹ کر قومی جھنڈے کے وقار کو نقصان پہنچایا، اور اس عمل سے متعلقہ قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ واجد خان نے استدعا کی کہ ہاردک پانڈیا کے خلاف نیشنل فلیگ ایکٹ 1971 کے سیکشن 2 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کرکٹر کے اس عمل کی وجہ سے قانونی کارروائی ضروری ہے کیونکہ قومی جھنڈے کا احترام ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
وکیل نے کہا کہ درخواست منظور ہو گئی ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ آگے کیا کارروائی عمل میں آتی ہے۔
واضح رہے کہہ اس سے قبل بھی ہاردک سرخیوں کا حصہ بنے رہے ہیں جب پانڈیا نے اپنی سابقہ اہلیہ اور 5 سالہ بیٹے کو 4 کروڑ بھارتی روپے مالیت کی لگژری کار گفٹ دی تھی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی میں مصروف ہاردک پانڈیا نے اپنے 5 سالہ بیٹے اگستیا کو تقریباً 4 کروڑ روپے مالیت کی گاڑی تحفے میں دی۔
ممبئی میں ایک شو روم میں ہونے والی تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں اگستیا کو خوشی سے گاڑی کا معائنہ کرتے اور نتاشا اسٹینکووچ کو چابیاں وصول کرتے دیکھا جا سکتا تھا۔