راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سینئر اداکار عاصم بخاری کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عاصم بخاری کی اداکاری نے ناظرین کے دلوں میں ہمیشہ ایک خاص مقام بنایا اور ان کی فنی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔
مریم نواز نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔
واضح رہے کہ اداکارسید عاصم بخاری ہسپتال میں زیرعلاج تھے اور گزشتہ رات طبیعت زیادہ خراب ہونے کے بعد کومہ میں چلے گئے تھے اور آج خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق عاصم بخاری ایک عرصے سے گردوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے جبکہ وہ گزشتہ 15 روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
سینئر اداکار عاصم بخاری نے اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران متعدد ٹی وی ڈراموں، اسٹیج اور فلموں میں کام کیا اور اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے۔ شوبز حلقوں میں انہیں اداکاری کا استاد بھی کہا جاتا تھا اور انہوں نے کئی نئے فنکاروں کی رہنمائی بھی کی۔