جنید ریاض:صوبہ بھر میں ہارڈ شپ تبادلوں کے منتظر اساتذہ کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ تبادلوں کے آرڈرز 18 مارچ کو جاری کر دئیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے تبادلوں کے لیے تین ماہ قبل درخواستیں طلب کی گئی تھیں تاہم اب تک آرڈرز جاری نہیں کیے گئے تھے جس پر اساتذہ میں تشویش پائی جا رہی تھی۔
محکمانہ اعداد و شمار کے مطابق 56 ہزار سے زائد اساتذہ نے تبادلوں کے لیے درخواستیں جمع کروائی تھیں، جن میں سے میرٹ کی بنیاد پر تقریباً 8 ہزار اساتذہ کا انتخاب کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق تقریباً 20 روز قبل تبادلوں سے متعلق حتمی فیصلے کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی تھیں تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آ سکا تھا۔
دوسری جانب اساتذہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ تین ماہ سے تبادلوں کے لیے مسلسل انتظار اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ تبادلوں کے آرڈرز فوری طور پر جاری کیے جائیں۔
صوبائی وزیر تعلیم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام معاملات کو حتمی شکل دے کر 18 مارچ کو ہارڈ شپ تبادلوں کے آرڈرز جاری کر دیے جائیں گے تاکہ منتخب اساتذہ کو ریلیف مل سکے۔