ویب ڈیسک : وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے جعفر ایکسپریس واقعے میں ملوث عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کردی گئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے جعفر ایکسپریس پر دہشتگردانہ حملے سے متعلق بریفنگ دی ۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ حملہ ناقابلِ برداشت ہے، دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، دہشتگرد ایک انچ پر بھی قابض نہیں رہ سکتے، دہشتگردانہ کارروائی کا مقصد پرتشدد ماحول کا تاثر قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر طرح کی کنفیوژن سے نکل کر دہشتگردی کے خلاف جنگ سے لڑنا ہوگا، دشمن عناصر بلوچستان کے امن کو تباہ نہیں کرسکتے انہیں ہر صورت ناکام بنائیں گے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان پر سمجھوتا نہیں کریں گے اور سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کو ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے، دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی ہوگی۔