ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب میں سیلز ٹیکس قوانین میں بڑی تبدیلی، ملٹی نیشنل کمپنیوں کو ریلیف مل گیا

 پنجاب میں سیلز ٹیکس قوانین میں بڑی تبدیلی، ملٹی نیشنل کمپنیوں کو ریلیف مل گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے: پنجاب حکومت نے سیلز ٹیکس قوانین میں اہم ترامیم کی منظوری دے دی ہے، جن کے تحت غیرملکی فرنچائز، برانڈ، رائلٹی اور دیگر خدمات حاصل کرنے والی کمپنیوں کو ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کی سہولت دینے کی تجویز شامل ہے۔

حکام کے مطابق موجودہ قوانین میں تضادات کے باعث متعدد ملٹی نیشنل کمپنیاں پنجاب میں ٹیکس ادائیگی سے گریز کر رہی تھیں جبکہ کئی کمپنیوں نے قوانین پر باضابطہ اعتراضات بھی اٹھائے تھے۔ سندھ میں اِن پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کی اجازت موجود ہونے کے باعث کاروباری حلقے پنجاب میں بھی اسی نوعیت کی سہولت کا مطالبہ کر رہے تھے۔

نئی ترامیم کے تحت بیرونِ ملک سے فرنچائز، برانڈ، رائلٹی یا دیگر خدمات حاصل کرنے والی کمپنیاں ادا کیے گئے ٹیکس کو ایڈجسٹ کر سکیں گی، جس سے ان کے مالی بوجھ میں کمی اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا ہوگی۔

حکومت نے ٹیکس وصولی اور ڈی رجسٹریشن کے اختیارات میں بھی اہم تبدیلیاں تجویز کی ہیں۔ مجوزہ ترامیم کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز کی جگہ انفورسمنٹ اور آڈٹ افسران کو بعض اختیارات دیے جائیں گے، جبکہ ڈی رجسٹریشن کا اختیار "اتھارٹی" سے واپس لے کر "کمشنر" کو منتقل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات سے ٹیکس نظام مزید مؤثر، شفاف اور سرمایہ کار دوست بنے گا جبکہ صوبے میں کاروباری سرگرمیوں اور ٹیکس وصولیوں میں بھی بہتری آئے گی۔