سٹی 42: بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں مسلح افراد کے حملے میں 5 مزدور جاں بحق ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے میں جان سے جانے والے تمام افراد کا تعلق پنجاب سے تھا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت محمد بلال، محمد حسن، محمد قدیر، محسن اور بلال کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حملہ آوروں نے نہتے مزدوروں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ نہتے معصوم مزدوروں کے قتل میں"فتنہ الہندوستان" سے منسلک دہشت گرد ملوث ہیں۔
دوسری جانب بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے باعث دباؤ کا شکار دہشت گرد اب سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کے مطابق معصوم شہریوں پر حملوں کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا اور نسلی بنیادوں پر انتشار پیدا کرنا ہے۔ ماہرین نے دعویٰ کیا کہ اس سے قبل کراچی سے کوئٹہ آنے والی ایک فیملی پر حملہ بھی اسی گروہ نے کیا تھا۔