ویب ڈیسک: بھارت کے معروف سوشل میڈیا سٹار، اداکار اور ریئلٹی شو شخصیت فیصل شیخ المعروف مسٹر فیصو نےایک انٹرویو میں اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق کئی اہم انکشافات کئے ہیں۔ انہوں نے پہلی بار اپنی شادی کے منصوبوں پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’سال2026ابھی ختم نہیں ہوا‘‘، جس سے رواں سال انکی شادی کے امکانات کو تقویت ملی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار فیصل شیخ نے اپنی ذاتی زندگی، شادی،مستقبل کے منصوبوں اور ریئلٹی شوز سے متعلق جاری قیاس آرائیوں پر پہلی بار تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کئی اہم انکشافات کئے ہیں۔ ایک خصوصی انٹرویو کے دوران انہوں نے اس سوال کا بھی جواب دیا جس کا اننکے مداح کافی عرصے سے انتظار کر رہے تھے کہ آیا وہ جلد شادی کرنے والے ہیں یا نہیں۔ گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ انہیں کھیلوں،خصوصاً بولنگ کا شوق ہے اور فارغ وقت میں ایسی سرگرمیاں انہیں ذہنی سکون فراہم کرتی ہیں۔
فیصل شیخ نےشادی سے متعلق سوال کے جواب میں مسکراتے ہوئے کہا کہ ’’ہاں سال2026ابھی ختم نہیں ہوا‘‘ ۔انکے اس مختصر مگر معنی خیز بیان نے مداحوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ ممکن ہے وہ رواں سال ہی رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو جائیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اس وقت کسی کے ساتھ رشتے میں ہیں تو انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ’’ابھی تو کوئی نہیں ہے، لیکن سال2026میں ہو جائے گی کوئی نہ کوئی‘‘۔ اس بیان سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ اداکار کی زندگی میں جلد ہی نئی شروعات متوقع ہیں۔ فیصل شیخ نے اپنی شادی کے حوالے سے ایک اور اہم بات بھی بتائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ محبت کی شادی کے بجائے ارینج میرج کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کے مطابق خاندان کی رضامندی اور مشاورت ان کیلئے بہت اہم ہے، جس سے یہ تاثر بھی ملا کہ انکے اہل خانہ ان کیلئے مناسب شریکِ حیات کی تلاش میں مصروف ہیں۔
فیصل شیخ نےذاتی زندگی کے علاوہ اپنے کریئر سے متعلق بھی واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت وہ نئے ریئلٹی شوز میں بطور مقابل حصہ لینے میں دلچسپی نہیں رکھتے بلکہ اپنی تمام تر توجہ اداکاری پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں نئے ریئلٹی شوز کا پیچھا نہیں کر رہا ہوں، اور نہ ہی مجھے کوئی دلچسپی ہے۔ فی الحال میں خود کو تیار کرنے اور فلموں اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز میں اداکاری کرنے کا منتظر ہوں‘‘۔ انہوں نے ساتھ ہی ان خبروں کی بھی تردید کی جن میں کہا جا رہا تھا کہ وہ جلد ہی ریئلٹی شو ’’لاک اپ 4‘‘ میں بطور مقابل نظر آئیں گے۔ فیصل شیخ نے واضح کیا کہ ایسی خبریں درست نہیں ہیں۔
مسٹر فیصو نے ریئلٹی شوز میں اپنے سفر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’لافٹر شیفس: انٹرٹینمنٹ ان لمیٹڈ‘‘ ان کیلئے ایک یادگار تجربہ ثابت ہوا۔ ان کے مطابق شو کے تمام شرکاء اب ایک خاندان کی طرح بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’کسی بھی تقریب میں آپ سب کو ایک ساتھ دیکھیں گے۔ ایک ساتھ رہنا، ایک ساتھ کام کرنا اچھی بات ہے، یہ ایک الگ قسم کا مزہ ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر مستقبل میں شو کے پروڈیوسرز انہیں دوبارہ مدعو کریں گے تو وہ ضرور اس کا حصہ بنیں گے۔ گفتگو کے دوران فیصل شیخ نے اپنے ساتھی فنکاروں کے بارے میں بھی دلچسپ انداز میں اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کامیڈین کرشنا ابھیشیک کو ’’آلو‘‘ سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر جگہ آسانی سے فِٹ ہو جاتے ہیں اور ہر انداز میں کامیاب دکھائی دیتے ہیں۔بھارتی سنگھ کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ’’الائچی‘‘ کی طرح ہیں، جس کی خوشبو ہر جگہ پسند کی جاتی ہے، چاہے وہ چائے ہو یا بریانی۔ اسی طرح انہوں نے کرن کندرا کو ’’لونگ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کی مانگ بہت زیادہ ہے، جبکہ انکیتا لوکھنڈے کو سرخ مرچ سے تشبیہ دی۔ تیجسوی پرکاش اور جنت زبیر کے بارے میں انکا کہنا تھا کہ وہ برڈز آئی مرچ کی طرح ہیں کیونکہ ’’چھوٹا پیکٹ، بڑا دھماکا‘‘۔
فیصل شیخ نے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے متعدد ریئلٹی شوز میں بطور مقابل حصہ لیا ہے، لیکن اب اگر وہ کسی ایسے پروگرام کا حصہ بنتے ہیں تو صرف میزبان، مینٹور یا گینگ لیڈر کی حیثیت سے ہی نظر آنا پسند کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا اگر وہ سوشل میڈیا کی دنیا میں نہ ہوتے تو غالباً کاروبار سے وابستہ ہوتے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ساحل سے اپنی خصوصی محبت کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ وہ مستقبل میں مزید شہرت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اداکاری کے میدان میں اپنی الگ شناخت قائم کرنا چاہتے ہیں۔ چند برس قبل سوشل میڈیا پر مختصر ویڈیوز بنانے سے شہرت حاصل کرنے والے فیصل شیخ آج بھارتی ٹیلی ویژن اور ڈجیٹل انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا ایک نمایاں نام بن چکے ہیں۔ مختلف ریئلٹی شوز میں ان کی شرکت، لاکھوں مداحوں کی حمایت اور مسلسل بڑھتی ہوئی مقبولیت نے انہیں نوجوان نسل کے پسندیدہ چہروں میں شامل کر دیا ہے۔