ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ہنر مند پنجاب پروگرام: فائنل امتحانات جاری، طلبہ نے تدریسی نظام پر سوالات اٹھا دیے

ہنر مند پنجاب پروگرام: فائنل امتحانات جاری، طلبہ نے تدریسی نظام پر سوالات اٹھا دیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طلحہ اشرف: وزیراعلیٰ پنجاب کے " ہنر مند پنجاب پروگرام" کے تحت پنجاب یونیورسٹی میں پہلے اور دوسرے بیج کے فائنل امتحانات جاری ہیں، جن میں ہزاروں طلبہ مختلف ہنر مند کورسز کے امتحانات میں شریک ہیں۔ تاہم امتحانات کے دوران طلبہ اور والدین نے تدریسی نظام اور انتظامات پر مختلف تحفظات کا اظہار کیا۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ کورس کے دوران صرف ریکارڈ شدہ ویڈیوز فراہم کی گئیں، جبکہ باقاعدہ آن لائن کلاسز، اساتذہ کی رہنمائی اور بروقت جواب نہ ملنے کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا رہا۔ ان کے مطابق کورس سے بنیادی معلومات تو حاصل ہوئیں، لیکن عملی مہارت کے لیے مناسب تربیت فراہم نہیں کی گئی۔

امتحان دینے والے طلبہ نے مطالبہ کیا کہ تھیوری کے بجائے پریکٹیکل امتحانات کو ترجیح دی جائے تاکہ ہنر سیکھنے کا اصل مقصد حاصل ہو سکے۔ دوسری جانب بی ڈیپارٹمنٹ میں امتحان کے دوران پنکھے بند ہونے پر طالبات نے شدید احتجاج بھی کیا۔

امتحانی مراکز کے باہر والدین نے بھی انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مناسب بیٹھنے کی سہولت نہ ہونے کے باعث وہ فٹ پاتھ پر بیٹھنے پر مجبور ہیں۔ طلبہ اور والدین نے مطالبہ کیا کہ پروگرام کے تدریسی نظام، امتحانی سہولیات اور مجموعی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔