مریم مظہر:ضلعی انتظامیہ دودھ اور دہی کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دینے لگی، جبکہ اوپن مارکیٹ میں دکاندار من مانے نرخ وصول کرنے لگے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ صرف کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے دودھ کی سرکاری قیمت 170 روپے فی لٹر مقرر کر رکھی ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں دودھ 240 سے 280 روپے فی لٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح دہی بھی سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ 240 سے 290 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں ہر دکاندار اپنی مرضی کے مطابق قیمت وصول کر رہا ہے، جبکہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کرانے کے لیے مؤثر نگرانی نظر نہیں آتی۔ ان کے مطابق روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کر دیا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ گرانفروشی کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرے، دودھ اور دہی کی سرکاری قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے اور زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔