شہباز علی:قومی سلیکٹر اور بیٹنگ کنسلٹنٹ مصباح الحق نے پروگرام "سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ" میں شرکت کرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز کو کامیابی کے لیے نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور محنت کو اپنا شعار بنانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، تاہم درست رہنمائی، سخت محنت اور مثبت سوچ ہی کسی کھلاڑی کو اعلیٰ مقام تک پہنچاتی ہے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ صرف قدرتی صلاحیت کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتی، بلکہ ڈسپلن، مسلسل محنت اور خود کو بہتر بنانے کی لگن ہی ایک کھلاڑی کو دوسروں سے ممتاز بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب کرکٹر روزانہ کی بنیاد پر فٹنس، پریکٹس، متوازن غذا اور اپنی کارکردگی میں بہتری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتا۔
انہوں نے نوجوان کرکٹرز کی تربیت میں چار روزہ کرکٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طویل فارمیٹ کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارت، ذہنی مضبوطی، دفاعی کھیل، ارتکاز اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کو بہتر بناتا ہے۔ ان کے مطابق لمبی اننگز کھیلنے کی عادت ہی اسپن بولنگ کے خلاف بہتر کارکردگی کی بنیاد بنتی ہے، اس لیے نوجوانوں کو معیاری اسپنرز کے خلاف زیادہ سے زیادہ کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔
قومی سلیکٹر نے کہا کہ کوچز، مینٹرز اور والدین نوجوان کھلاڑیوں پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کی دلچسپی، صلاحیت اور نفسیات کو سمجھتے ہوئے اسے ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان کرکٹرز کو ذمہ داریاں ضرور دی جائیں، تاہم اس عمل میں ان کا کھیلنے کا جذبہ اور اعتماد متاثر نہیں ہونا چاہیے۔