(ویب ڈیسک) چین کے مشہور اور بڑے شہر شنگھائی میں ایک ہولناک واقعہ پیش آیا، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ شہر شنگھائی میں اچانک زمین پھٹ گئی اور ایک بڑی سڑک لمحوں میں زمین میں دھنس گئی۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک اچانک بیٹھ جاتی ہے، قریبی ڈھانچے منہدم ہو جاتے ہیں اور چند ہی لمحوں میں ایک بڑا گڑھا بن جاتا ہے۔ویڈیو میں نظر آنے والے مناظر شہریوں کے لیے خوف و ہراس کا باعث بن گئے ہیں۔ اگرچہ فوری طور پر جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
چین میں ہونیوالے اس واقعے نے شہری انفراسٹرکچر کی مضبوطی پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ماہرین کے مطابق شنگھائی کو طویل عرصے سے زمین دھنسنے کے خطرات کا سامنا ہے۔ اس کی بڑی وجوہات میں 1۔۔نرم آبرفتی (Alluvial) مٹی۔۔2۔۔زیرزمین پانی کا حد سے زیادہ استعمال۔۔3۔۔باریک ریتیلی تہیں اورشہری تعمیرات کے باعث زیرزمین خالی جگہوں کا شمار ہوتا ہے۔یہ تمام عوامل مل کر زمین کو کمزور کر دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں کبھی چھوٹے گڑھے اور کبھی بڑے سنک ہول وجود میں آ جاتے ہیں۔
A massive sinkhole has opened up, swallowing a key section of roadway in Shanghai, China. pic.twitter.com/cHqpihXZzQ
— Open Source Intel (@Osint613) February 12, 2026
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ جنوری 2024 میں منہانگ ڈسٹرکٹ میں ایک سیوریج پائپ لائن کے ناکام ہونے کے باعث تقریباً 10 میٹر سڑک زمین میں دھنس گئی تھی۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔سرکاری اعداد و شمار (2017 سے 2023) کے مطابق چین میں پیش آنے والے 72 فیصد سنک ہول واقعات انسانی سرگرمیوں سے منسلک تھے، جن میں ناقص انفراسٹرکچر، تعمیری خامیاں اور زیرزمین تنصیبات کی خرابی شامل ہیں۔
موجودہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ تیزی سے ترقی کرنیوالے شہروں میں شہری منصوبہ بندی اور انفراسٹرکچر کی حفاظت انتہائی اہم ہے۔ بلند و بالا عمارتوں، میٹرو نیٹ ورکس اور زیرزمین تعمیرات نے زمین کے قدرتی توازن کو متاثر کیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر زیرزمین پانی کے استعمال، تعمیراتی معیار اور نگرانی کے نظام کو بہتر نہ بنایا گیا تو مستقبل میں ایسے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔