ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سوراب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 18 دہشتگرد ہلاک: آئی ایس پی آر

سوراب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 18 دہشتگرد ہلاک: آئی ایس پی آر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

احمد منصور: بلوچستان کے ضلع سوراب میں سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس کے مشترکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ مزید 10 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جس کے بعد واقعات میں ہلاک دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اگست کی صبح دہشتگرد سوراب میں وہیکل بیسڈ آئی ای ڈی تیار کر رہے تھے کہ دوران تیاری قبل از وقت دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد فتنہ الہندوستان سے وابستہ تھے۔ دہشتگردوں کی جانب سے ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد کے ثانوی دھماکے بھی ہوئے، جن کے نتیجے میں قریب موجود 3 شہری جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کا مقصد دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران فرار ہونے والے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان بھی زخمی ہوئے علاقے میں باقی ماندہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے جاری عزمِ استحکام کے تحت پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔