(ویب ڈیسک)بھارت کی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے نامور اداکار سلمان خان کی آنے والی ڈرامہ فلم’’ماتر بھومی‘‘ جلد ہی سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے، جس دیکھنے کیلئے شائقین فلم کافی بےتاب ہیں۔ اسی دوران 10 اپریل کو فلم کا رومانوی گانا ’’ میرا جی نہیں بھرا‘‘ ریلیز کر دیا گیا ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار سلمان خان کی فلم’’ماتر بھومی‘‘ جلد ہی سنیما گھروں میں ریلیز ہو گی، فلم کا رومانوی گانا ’’ میرا جی نہیں بھرا‘‘ جمعہ کے روزریلیز کر دیا گیا ہے۔ اس گانے میں نئی جوڑی اداکار جین شا اور اداکارہ ابھشری سین کی خوبصورت کیمسٹری دیکھنے کو مل رہی ہے۔سلمان نے اس گانے کی جھلک اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی ہے، جسے شریا گھوشال اور وشال مشرا نے اپنی آواز دی ہے۔
واضح رہے کہ اداکار جین شا پہلے ہی او ٹی ٹی سیریز ’’فیرے‘‘، ’’کلاس‘‘ اور’’اسٹرینج سٹی‘‘میں اپنی مضبوط اداکاری سے ناظرین کا دل جیت چکے ہیں۔ یہ تمام او ٹی ٹی پروجیکٹس سلمان خان کی پروڈکشن میں بنے تھے۔ دوسری جانب اداکارہ ابھشری سین اس فلم سے اپنے کیریئر کا آغاز کر رہی ہیں۔ یہ گانا نہ صرف’’ماتر بھومی‘‘ کے رومانوی پہلو کو اجاگر کرتا ہے بلکہ مشکل حالات میں بھی محبت اور انسانیت کو برقرار رکھنے کا پیغام بھی دیتا ہے۔اپوروا لاکھیا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم’’ماتر بھومی‘‘ 15؍ مئی 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔