سٹی 42: کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 سبزی فروش جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واقعے کے خلاف ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی و دیگر نے مغربی بائی پاس پر احتجاج کیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔
صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ داخلہ اور آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ دہشت گرد عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔