ویب ڈیسک:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد عوام کو بڑا ریلیف مل گیا، راولپنڈی میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا گیا۔
راولپنڈی میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اسد عباس شیرازی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مشاورت کے بعد مسافر اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 5 سے 26 فیصد تک کمی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ٹرانسپورٹ یونین اور گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی، جہاں ڈیزل گاڑیوں کے کرایوں میں 15 فیصد جبکہ پیٹرول گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کی منظوری دی گئی۔
اسی طرح گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں سب سے زیادہ، یعنی 26 فیصد تک کمی کا فیصلہ کیا گیا، جس سے اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات میں بھی کمی متوقع ہے۔
یہ فیصلے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد کیے گئے، جس کے اثرات براہِ راست ٹرانسپورٹ سیکٹر پر پڑے ہیں۔