زاہد چودھری:جناح ہسپتال میں پارکنگ فیس کی وصولی کے معاملے میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جہاں ذرائع کے مطابق روزانہ لاکھوں روپے کی مبینہ خوردبرد کی گئی۔ ہسپتال کے کھاتے میں پارکنگ فیس کی مد میں صرف 38 ہزار روپے یومیہ جمع کروائے گئے۔
ذرائع کے مطابق کچھ عرصے سے ہسپتال انتظامیہ خود پارکنگ فیس وصول کر رہی تھی، جبکہ اس سے قبل ٹھیکیدار کے ذریعے پارکنگ سے ہسپتال کو روزانہ 83 ہزار روپے سے زائد آمدن ہوتی تھی۔ ہسپتال کی جانب سے براہ راست فیس وصولی کے دوران بڑے پیمانے پر مبینہ بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارکنگ فیس کی وصولی میں مبینہ ہیرپھیر کے ذریعے اعلیٰ افسران کو بچا لیا گیا، جبکہ یہ معاملہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ براہ راست پارکنگ فیس وصولی سے حاصل ہونے والے مبینہ حصے سے کون کون مستفید ہوتا رہا۔
پارکنگ فیس وصولی کے معاملے میں جونیئر ڈاکٹرز کو مبینہ طور پر قربانی کا بکرا بنائے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ اس معاملے پر سینئر میڈیکل افسر ڈاکٹر خالد مقصود اور میڈیکل افسر ارسلان منیر کو محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔