ویب ڈیسک:پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کے حوالے سے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے تمام موبائل فونز جلد بلاک کر دیے جائیں گے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق صارفین کے پاس وقت کم ہے، اس لیے سروس میں خلل اور بلاکنگ سے بچنے کے لیے آج ہی اپنی ڈیوائس کو رجسٹر کروائیں۔
پی ٹی اے نے اپنے اعلامیے میں واضح کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ موبائل فونز نہ صرف قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں بلکہ یہ مالیاتی اور سائبر فراڈ میں بھی استعمال ہو سکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ایسی ڈیوائسز سنگین قانونی نتائج کا باعث بن سکتی ہیں، لہٰذا صارفین اپنی حفاظت کے لیے غیر رجسٹرڈ موبائل فونز سے گریز کریں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام شہری غیر رجسٹرڈ موبائل ڈیوائسز کی خرید و فروخت سے مکمل طور پر اجتناب کریں کیونکہ یہ عمل قابلِ سزا جرم کے زمرے میں آتا ہے۔