( شہباز علی ) قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ آسٹریلیا، قومی ٹیم کا اعلان نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے اختتام پر کیا جائے گا، سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ جبکہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی کو سونپے جانے کا امکان ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے لئے قومی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان فیصل آباد میں شیڈول قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے کے اختتام پر کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سری لنکا میں ناقص کارکردگی دکھانے والے عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کا مقابلہ کرنے کے لئے قومی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کو بھی شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں شعیب ملک اور محمد حفیظ کے نام بھی زیر غور ہیں۔ جن کی ٹیم میں واپسی پہلے مرحلے میں کارکردگی سے مشروط ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کارکردگی دکھانے والے نوجوان کرکٹرز کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔