جنید ریاض:ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے شہر بھر میں غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں سکولوں کی رجسٹریشن چیک کرنے کے لیے باقاعدہ سروے شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈی ای اوز اور اے ای اوز کی سربراہی میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو لاہور کی پانچوں تحصیلوں میں سروے کریں گی۔ متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ غیر رجسٹرڈ سکولوں کا مکمل ڈیٹا فوری طور پر جمع کروایا جائے۔
سی ای او ایجوکیشن کے مطابق فیلڈ افسران تین روز کے اندر سروے مکمل کرکے اپنی رپورٹس جمع کروائیں گے۔ سروے مکمل ہونے کے بعد غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کو یقینی بنانا اور طلبہ کو بہتر اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔