علی ساہی:ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے احکامات پر صوبہ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ کے ابتدائی 10 روز کے دوران ایک لاکھ 96 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 68 ہزار سے زائد شہریوں نے نئے لرننگ لائسنس حاصل کیے، جبکہ اتنی ہی تعداد میں شہریوں کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق 57 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیورز لائسنس کی تجدید کروائی، جبکہ 450 سے زائد افراد نے گم شدہ لائسنس دوبارہ حاصل کیے۔
اسی دوران 850 سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے گئے، جبکہ 37 ہزار سے زائد افراد نے آن لائن لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے سے گریز کریں کیونکہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ قانوناً جرم ہے۔