ویب ڈیسک : میٹا کی جانب سے واٹس ایپ صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا فیچر پیش کیا جارہا ہے ۔
واٹس ایپ میں ایسے متعدد فیچرز ہیں جو آپ کو اپنے پیاروں، دوستوں یا دفتری ساتھیوں سے رابطے میں مدد فراہم کرتے ہیں، تاہم لاتعداد گروپ چیٹس، چینلز اور کمیونٹیز کا حصہ بننے کے بعد تمام میسجز کو غور سے پڑھنا بعض اوقات کافی مشکل ہوتا ہے، جس کی وجہ سے کئی بار اہم پیغامات پڑھنے سے رہ جاتے ہیں۔ میٹا کی جانب سے اسی مسئلے کا حل ایک نئے فیچر کی شکل میں پیش کیا جا رہا ہے۔
WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے ٹول پر کام کیا جا رہا ہے جو میسجز کی سمری فراہم کرے گا۔ میٹا اے آئی کو استعمال کرکے واٹس ایپ کی جانب سے گروپس، چینلز اور ون آن ون چیٹ میسجز کی پرائیویٹ سمری فراہم کی جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیچر کا مقصد صارفین کو مدد فراہم کرنا ہے تاکہ ان کا وقت متعدد پیغامات پڑھنے کے باعث ضائع نہ ہو ، اس فیچر کی آزمائش ابھی واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا (beta) ورژن میں کی جا رہی ہے، یہ فیچر اس وقت نظر آئے گا جب کسی صارف کو مخصوص تعداد میں نئے میسجز موصول ہوں گے، اس وقت ایک آپشن ان ریڈ (unread) میسجز کے اوپر نظر آئے گا جس پر کلک کرنے پر میسجز کی سمری تیار ہو جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنی کی جانب سے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ آپ کے پیغامات بدستور اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ رہیں، میٹا، واٹس ایپ یا کسی تھرڈ پارٹی کو ان تک رسائی حاصل نہ ہوسکے۔
ابھی اس فیچر پر بیٹا ورژن میں کام کیا جا رہا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔