سٹی 42 : پاکستان کے مختلف شہروں میں اب سے کچھ دیر قبل تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہےکہ اگلے 1 سے 3 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کی بجی توقع ہے ۔
قبل ازیں لاہور سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ نارووال، پسرور، نوشہرورکاں ،کامونکی ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، مظفرآباد اور حیدر آباد میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ۔
سوموار کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، شانگلہ، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد ،پشاور، باجوڑ، صوابی، مردان، چارسدہ، خیبر، کرک، لکی مروت، بنوں، کوہاٹ،ہنگو، وزیرستان اور کرم میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ اس دوران چند مقامات پر درمیانی سے تیز بارش / ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم مری، گلیات ،راولپنڈی ، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ،سیالکوٹ ، ناروال،فیصل آباد ، سرگودھا،خوشاب، لاہور،شیخوپورہ، حافظ آباد، میانوالی، بھکر، لیہ، ساہیوال، ملتان, ڈی جی خان اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ با رش کی توقع ہے، اس دوران چند مقامات پر درمیانی سے تیز بارش / ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالا ئی اضلا ع میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔