اویس کیانی: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا ماں کے عالمی کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا ماں جیسی ہستی اس دنیا میں سب سے بڑی نعمت ہے، ماں سے محبت کو ایک دن کے لیے مخصوص نہیں کیا جاسکتا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ماں سے محبت گود سے لے کر تاقیامت ہے، سب سے پیارا اور مٹھاس سے بھرا لفظ ماں ہے، پیار، خلوص اور شفقت کا دوسرا نام ماں ہے، سچے جذبوں سے عبارت ماں جیسے پاکیزہ رشتے کا کوئی نعم البدل نہیں۔
ماں کی گود میں گزرے حسین ترین لمحات دنیا کے قیمتی ترین بستر پر بھی نصیب نہیں ہوتے، ماں کی دعا انسان کو فرش سے عرش تک لے جاتی ہے، اللہ تعالٰی کے فضل و کرم سے جس مقام پر ہوں، یہ سب والدہ محترمہ کی دعاؤں سے ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کامل یقین ہے کہ والدہ مرحومہ کی دعائیں آج بھی میرے ساتھ ہیں، تمام ماؤں کی عظمت کو سلام پیش کرتاہوں، وطن کے لئے قربانیاں دینے والے شہداء کی ماؤں کو بھی سلیوٹ کرتا ہوں، دل سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہر ماں کو سلامت رکھے۔