سٹی42:محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
شہر لاہور میں دھوپ، گرمی اور فضائی آلودگی میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ آج بارش کے امکانات موجود ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے، ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، جو نسبتاً کم ہے۔فضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور ملک بھر میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 179 ریکارڈ کی گئی ہے جو مضر صحت زمرے میں آتی ہے۔ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز اور ماسک کے استعمال کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
شہر قائد میں آج موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت دن کے اوقات میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے تاہم گرمی کی شدت 40 ڈگری سے زائد محسوس کی جائے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت کراچی میں مطلع صاف ہے، تیز دھوپ کے باعث موسم مزید گرم اور مرطوب ہو گیا ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ گرمی کی شدت 35 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے۔
ہوا مغربی سمت سے 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے جبکہ نمی کا تناسب 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جو شہریوں کو حبس کا شدید احساس دلا رہا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق کراچی کا فضائی معیار مجموعی طور پر تسلی بخش قرار دیا گیا ہے تاہم شہر اب بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 20ویں اور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں 5ویں نمبر پر موجود ہے۔ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 92 پرٹیکیولیٹ میٹر (PM2.5) ریکارڈ کی گئی ہے، جو حساس افراد کے لیے مضر ثابت ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ادھرخیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم چترال، شانگلہ، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد ،پشاور، باجوڑ، صوابی، مردان، چارسدہ، خیبر، کرک، لکی مروت، بنوں، کوہاٹ،ہنگو، وزیرستان اور کرم میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع۔اس دوران چند مقامات پر درمیانی سے تیز بارش / ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم مری، گلیات ،راولپنڈی ، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ،سیالکوٹ ،ناروال،فیصل آباد ، سرگودھا،خوشاب، لاہور،شیخوپورہ، حافظ آباد، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈی جی خان، ملتان اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر با رش کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہےتا ہم بعد از دوپہر بارکھان، کوہلو، ژوب، موسیٰ خیل، خضدار اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔