طاہرجمیل: پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات کے لیے خصوصی صفائی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ستھرا پنجاب اتھارٹی کے ڈی جی بابر صاحب دین کی ہدایت پر جامع صفائی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی بابر صاحب دین نے محرم الحرام کے دوران خصوصی صفائی انتظامات کی سخت نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے دس ایام میں صفائی کے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عزاداروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
پلان کے تحت مجالس، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، جبکہ کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی اور صفائی کے عمل کی مسلسل نگرانی بھی کی جائے گی۔
لاہور میں صفائی آپریشن کے لیے 320 سے زائد ورکرز اور تمام ضروری مشینری تعینات کی جائے گی، جو تین شفٹوں میں فرائض سرانجام دیں گے۔ جلوسوں کے روٹس پر موجود کنٹینرز کو بھی بروقت خالی کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی کے مطابق یوم عاشورہ سے قبل شہر کی 121 بڑی امام بارگاہوں کی خصوصی صفائی اور دھلائی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں اور واشنگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے عزاداروں کے لیے صاف ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہوگی۔