سٹی 42 : پاکستان کرکٹ بورڈ نے موجودہ قومی سلیکشن کمیٹی کو برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی سلیکشن کمیٹی کو برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی ممبران میں عاقب جاوید، علیم ڈار، اسد شفیق اور اظہر علی برقرار ہیں۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے نان ووٹنگ ممبر اور ڈیٹا اینالسٹ کو تبدیل کیا گیا ہے، جس کے پاس ٹیم سلیکشن کے دوران ووٹنگ کا اختیار نہیں ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق کمیٹی کے معاون ڈیٹا اینالسٹ حسن چیمہ کو تبدیل کیا گیا ہے۔ عثمان ہاشمی کو ڈیٹا انالسٹ حسن چیمہ کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ جس کے بعد نئے ڈیٹا اینالسٹ عثمان ہاشمی اب سلیکشن کمیٹی کی معاونت کریں گے۔
جاری کردہ علامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈیٹا انالسٹ کا اب سلیکشن کے معاملے میں ووٹ نہیں ہو گا۔ قومی سلیکشن کمیٹی کسی بھی ٹیم کی تشکیل سے قبل متعلقہ ٹیم کے کپتان اور ہیڈ کوچ سے مشاورت کی پابند ہوگی۔