ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جموں و کشمیر انتخابات:  آئی پی پی نے رہنماؤں کو اہم ذمہ داریاں سونپ دیں

جموں و کشمیر انتخابات:  آئی پی پی نے رہنماؤں کو اہم ذمہ داریاں سونپ دیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ابوبکر ارشد: جموں و کشمیر کے عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی) لاہور نے کشمیر کے اہم انتخابی حلقوں کے لیے انتظامی کمیٹیاں قائم کر دی ہیں۔ اس حوالے سے لاہور میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر آئی پی پی لاہور ملک زمان نصیب، رانا جاوید اقبال، تسکین خاکوانی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں پنجاب میں مقیم کشمیری ووٹرز تک مؤثر انداز میں رسائی، انتخابی مہم کو منظم بنانے اور پارٹی پیغام گھر گھر پہنچانے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ خصوصاً ایل اے 41 ویلی-2 اور ایل اے 34 جموں-1 کے حلقوں میں ووٹرز کو متحرک کرنے اور انتخابی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر صدر آئی پی پی لاہور ملک زمان نصیب نے کہا کہ جموں و کشمیر کے انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ہر انتخابی حلقے میں بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں حکومت سازی کا حصہ بننا استحکام پاکستان پارٹی کے منشور پر عوام کے اعتماد اور اس کی عملی کامیابی کا مظہر ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایل اے 41 ویلی-2 اور ایل اے 34 جموں-1 کے لیے قائم کی گئی انتظامی کمیٹیوں کی سربراہی بالترتیب ملک زمان نصیب اور رانا جاوید اقبال کریں گے۔ ایل اے 41 ویلی-2 کی کمیٹی میں میاں تیمور خالد، نوشیر مان، حامد بٹ، فاروق ڈوگر اور دیگر شامل ہیں، جبکہ ایل اے 34 جموں-1 کی کمیٹی میں جواد خالد گجر، ڈاکٹر جویریہ، عمیر خان لکی، شیخ عثمان اور دیگر رہنماؤں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر دونوں کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں کے تمام ووٹرز سے مؤثر رابطہ قائم کریں، انتخابی مہم کو منظم انداز میں آگے بڑھائیں اور استحکام پاکستان پارٹی کا پیغام زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔