ثمرا فاطمہ:محکمہ موسمیات نے شہر میں آج مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد اور ہوا کی رفتار 13 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ آج درجہ حرارت 28 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 13 جولائی تک مزید بارشوں کی توقع ہے، کیونکہ مرطوب مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ آج شام سے ایک مغربی لہر بھی بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
مون سون سسٹم کے زیر اثر مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش متوقع ہے، جبکہ موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب رات گئے ہونے والی ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے، شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔