سٹی42: فلسطین کے علاقے ویسٹ بینک میں ایک اسرائیلی سیٹلر کے فائرنگ سے مارے جانے کے واقعہ کے بعد راملہ کے شمال میں آبادکاروں نے حملہ کر کے ایک 23 ساکہ فلسطینی نوجوان کو مار ڈالا۔
فلسطینی اتھارٹی کی وزارت صحت کے مطابق، رام اللہ کے شمال میں فلسطینیوں پر حملے کے دوران اسرائیلی آباد کاروں نے ایک 23 سالہ نوجوان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔
فلسطینیوں کا ایک گروپ خیربط الطل کے گاؤں تک پہنچنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یہ گروپ ایک نئی غیر قانونی اسرائیلی چوکی کے قیام کے خلاف احتجاج کر رہا تھا جو گاؤں کی زمین پر تعمیر کی گئی تھی، جو مغربی کنارے کے" ایریا بی" (Area B) میں واقع ہے، جہاں کوئی بستی موجود نہیں ہے۔
فلسطینی اتھارٹی کی سرکاری وفا نیوز سائٹ نے بتایا ہے کہ درجنوں آباد کاروں نے فلسطینیوں کو خیربط الطل تک پہنچنے کی کوشش سے روک دیا اور ان پر حملہ کرنا شروع کر دیا۔آباد کاروں کے ساتھ جھؑپ میں قریبی قصبوں کے دس فلسطینی زخمی ہوئے۔
ایک عینی شاہد نے وفا نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ایک آباد کار نے ایک فلسطینی کو اپنی کار سے ٹکر ماری اور دوسرے آباد کاروں نے دو فلسطینی ایمبولینسوں کی کھڑکیاں توڑ دیں جو جائے وقوعہ پر پہنچیں اور متاثرین کا علاج کرنے کی کوشش کی۔
مارے جانے والے شخص کی شناخت سیف الدین مصلط کے نام سے ہوئی ہے جو قریبی گاؤں المزرہ الشرقیہ سے تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اس کے پاس امریکی شہریت بھی ہے۔
ایک اسرائیلی سیکیورٹی اہلکار نے Ynet کو بتایا کہ وہ اس واقعے سے آگاہ ہیں اور امن بحال کرنے کی کوشش کرنے کے لیے فوج کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا ہے۔
جیسا کہ آباد کاروں کے تشدد کے واقعات میں تقریباً ہمیشہ ہوتا ہے، کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
اس سے پہلے ویسٹ بینک میں ایک 20 سالہ اسرائیلی آبادکار کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا، اس قتل مین ملوث دو فلسطینی موقع پر ہی مارے گئے تھے۔