اقصیٰ سجاد: مون سون کے تیسرے سپیل کی اینٹری، شہر لاہور میں رواں ہفتے مزید گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت31 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے۔عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ شہرمیں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح156ریکارڈ کی گئی، سیدمراتب علی روڈپرآلودگی کی شرح179ریکارڈ اور ذکی فارم میں آلودگی کی شرح217ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، بالائی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پرموسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔
مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، اس دوران چند مقامات پرموسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔ پنجاب کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، خیبر، مہمند، باجوڑ، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک، وزیرستان اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، اس دوران چند مقامات پرموسلادھار بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم شام یارات میں بارکھان، موسی خیل، ژوب، لورالائی، کوہلو، خضدار، لسبیلہ اور گرد و نواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا تاہم رات میں مٹھی، اسلام کوٹ، عمر کوٹ، تھر پارکر، بدین اور صوبہ کے دیگر ساحلی اضلاع میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش/بونداباندی ہو سکتی ہے۔