ویب ڈیسک: تہران مین تعینات میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تہران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا کہ حالات کے پیش نظر شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں وائیفائی سروس ڈاؤن ہے جبکہ ٹیلی فون کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔
مدثر ٹیپو نے بتایا کہ تہران مین پاکستانی سفارت خانے اور دوسرے ایرانی شہروں میں واقع پاکستانی قونصلیٹس کی فون لائنز کام کر رہی ہیں اور پاکستانی شہری ہنگامی صورتحال میں ان فون نمبرز پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
مدثر ٹیپو نے سڑک سے پاکستان واپس جانے کے خواہشمند شہریوں کو ہدایت کی کہ بارڈر بند ہونے کے وقت سے کم از کم چار گھنٹے پہلے لازمی سرحد پر پہنچ جائیں۔ واپسی کے وقت پاسپورٹ پر امیگریشن اسٹیمپ لگوانا ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ بعد میں کسی قانونی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پاکستان واپس آنےکے خواہشمند سٹوڈنٹس کو سفیر نے مشورہ دیا کہ طلبہ واپس جانا چاہیں تو ضابطہ کا طریقہ کار مکمل کرکے روانہ ہوں اور اپنی یونیورسٹی سےکلیئرنس سرٹیفکیٹ ضرور حاصل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانہ ایرانی بارڈر اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ پاکستانی شہریوں اور طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جاسکے۔
سفیر مدثر ٹیپو کا کہنا ہےکہ ہرمزگان یونیورسٹی کے بہتر (72) پاکستانی طلبہ آج پاکستان واپس روانہ ہو چکے ہیں جبکہ زنجان یونیورسٹی کے پاکستانی طلبہ کی واپسی کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرمزگان یونیورسٹی سے واپس جانے والے طلبہ کو سفارتخانے کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا گیا۔
Stay tuned with 24 News HD Android App