سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہےتا ہم بالائی خیبرپختونخوا ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پرہلکی بارش/ ہلکی برفباری کی توقع ہے۔
باغوں کے شہر لاہور کا موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔تاہم لاہور کی فضائی آلودگی کے حوالے سے تشویش کا سامنا ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی مجموعی شرح 200 ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور کو پاکستان کا سب سے آلودہ شہر قرار دیا گیا ہے۔ یو ایس قونصلیٹ کے علاقے میں AQI 471، اڈا پلاٹ میں 459، عسکری ٹین کے علاقے میں 456 اور جوہر ٹاؤن میں 454 ریکارڈ کی گئی ہے۔
کراچی میں سرد موسم رخصت ہو گیا اور گرمی کی انٹری ہوگئی ہے۔ صبح سویرے شہر کا پارہ 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔شہر میں ہواؤں کی سمت بھی تبدیل ہو چکی ہے، مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی وجہ سے شہر میں نمی کا تناسب بڑھ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی سمت سے 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کراچی کا فضائی معیار بھی تشویش کا باعث ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی وجہ سے شہر کا ماحول مضر صحت ہے۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 54 نمبر پر موجود ہےجبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آٹھویں نمبر پر ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 122 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے.
سوات میں ہر شے نے سفید چادر اوڑھ لی، نظارے نکھر کر مزید حسین ہوگئے، برفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے بڑی تعداد میں سیاحوں نے وادی کا رخ کرلیا۔سوات کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا، سردی کی شدت مزید بڑھ گئی۔
دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورمطلع جزوی ابر آلود رہے گا تا ہم چترال،دیر، سوات ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور مانسہرہ میں چند مقامات پر بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ لاہور،سیالکوٹ، اٹک،راولپنڈ ی اور جہلم میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش بوندا باندی جبکہ مری،گلیات اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔
علاوہ ازیں، گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر بارش اور برفباری کا قوی امکان ہے۔