ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

صدرِ مملکت نے لاہور ہائیکورٹ میں10 ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دے دی

صدرِ مملکت نے لاہور ہائیکورٹ میں10 ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دے دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لاہور ہائیکورٹ میں 10 ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دے دی۔ تقرری کی منظوری کے بعد سیکرٹری وزارتِ قانون و انصاف کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جس کے بعد نامزد ایڈیشنل ججز حلف اٹھائیں گے۔

نامزد ایڈیشنل ججز کی حلف برداری کی تقریب لاہور ہائیکورٹ کے جج لان میں منعقد ہوگی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نامزد 10 ایڈیشنل ججز سے حلف لیں گی۔ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے لیے نامزد ایڈیشنل ججز میں غلام سرور نہنگ، محمد اجمل خان زاہد، امیر عجم ملک اور شیریں عمران شامل ہیں۔
دیگر نامزد ججز میں اسد علی باجوہ، محمد امجد پرویز، خالد بن عزیز اور منور اقبال دوگل شامل ہیں، جبکہ سید فرہاد علی شاہ اور عثمان غنی راشد چیمہ بھی لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج مقرر کیے گئے ہیں۔
نئے ایڈیشنل ججز کی تقرری سے لاہور ہائیکورٹ میں زیرِ التوا مقدمات کی تعداد کم کرنے اور عدالتی امور کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔ نئے ججز کی تعیناتی کے بعد مختلف نوعیت کے مقدمات کی سماعت کے لیے مزید عدالتی بنچز تشکیل دینے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔حلف برداری کی تقریب میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب، ایڈیشنل اٹارنی جنرل، لاہور ہائیکورٹ بار اور دیگر بار نمائندگان سمیت عدالتی و قانونی شخصیات شرکت کریں گی۔
تقریب میں حلف اٹھانے والے نامزد ججز کے اہل خانہ بھی شرکت کریں گے۔ ججز کے حلف اٹھانے کے بعد وہ باضابطہ طور پر لاہور ہائیکورٹ کے عدالتی امور کا حصہ بن جائیں گے۔لاہور ہائیکورٹ میں نئے ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کو عدالتی نظام میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ وکلا اور سائلین کو بھی توقع ہے کہ نئے ججز کی دستیابی سے مقدمات کی سماعت اور فیصلوں کے عمل میں تیزی آئے گی۔

Ansa Awais

Content Writer